پاکستان میں حکومت اور اپوزیشن کی بات چیت ناکام

   

دونوں فریقوں کا اٹل موقف، عمران خان استعفیٰ کے سواء تمام مطالبات قبول کرنے تیار

اسلام آباد ۔ 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں حکومت اور اپوزیشن قائدین ملک میں جاری سیاسی تعطل ختم کرنے میں ناکام ہوگئے۔ وزیراعظم عمران خان نے منگل کو کہا کہ شعلہ بیان عالم دین و سیاستداں مولانا فضل الرحمن کی زیرقیادت ’’آزادی مارچ‘‘ میں شامل احتجاجیوں کے تمام جائز مطالبات قبول کرنے کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیردفاع پرویز خٹک کی زیرقیادت ٹیم سے بات چیت کے دوران یہ ریمارک کیا۔ اس ٹیم کو اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بات چیت کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ عمران خاں کے حوالے سے ایکسپریس ٹریبیون نے کہا کہ ’’استعفے کے سواء، دیگر تمام جائز مطالبات کو قبول کرنے کیلئے حکومت تیار ہے‘‘۔ وزیردفاع خٹک نے کہا کہ اس تعطل کو ختم کرنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ حکومت کوئی درمیانی رات تلاش کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ دونوں فریقوں کے درمیان بات چیت کے اختتام کے بعد خٹک نے کہا کہ ’’جانبین کے مابین خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی‘‘۔ تاہم دوسرے مرحلہ کے راست مذاکرات کے بعد انہوں نے کہا کہ دونوں فریق اپنے متعلقہ موقف پر اٹل رہے۔