پاکستان میں خاندانی تنازعہ پر قتل

   

کراچی ۔ کراچی کے سچل میں واقع عبداللّٰہ شاہ غازی گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی کے مطابق سچل تھانے کی حدود میں واقع عبداللّٰہ شاہ غازی گوٹھ میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں عبدالشکور نامی شخص جاں بحق ہو گیا۔ واردات میں ملوث 2 ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے جو واردات انجام دینے کے بعد با آسانی فرار ہو گئے۔ ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق جائے وقوع سے 30 بور کے پستول کے خول ملے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کا تعلق سندھ کے ضلع شکار پور سے ہے، واقعے میں مقتول کے قریبی عزیز ملوث ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں واردات دشمنی یا چپقلش کا شاخسانہ بتائی گئی ہے۔ ایدھی ترجمان کے مطابق مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔