پشاور۔6 ۔اگست (یو این آئی) پاکستان کے شمال مغربی صوبے ‘خیبر پختونخوا ‘میں مختلف شدت پسندانہ حملوں میں 5 سکیورٹی اہلکاروں اور 3 شہریوں سمیت کُل 8 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی کے مطابق عسکریت پسندوں نے ضلع کرک میں نیم فوجی فرنٹیئر کور اہلکاروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا ہے ۔ حملے میں تین فوجی اور ان کا ڈرائیور ہلاک ہو گیا ہے ۔علاوہ ازیں منگل کو رات دیر گئے ضلع پشاور میں ایک اور گاڑی پر حملہ کیا گیا جس میں ، بشمول پولیس انسپکٹر علی حسین، تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔تیسرے واقعے میں، لکی مروت میں چھٹی پر آئے ہوئے فرنٹیئر کور کے ایک اہلکار عطا اللہ کو نامعلوم مسلح افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے ۔حال ہی میں خیبر پختونخوا کے ، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان، خیبر، اور باجوڑ جیسے افغانستان سے متّصل اضلاع میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔اسلام آباد میں قائم تھنک ٹینک پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کے مطابق، جولائی میں ملک بھر میں 82 شدت پسندانہ حملے ہوئے اور درجنوں سکیورٹی آپریشن کئے گئے ہیں۔ حملوں اور آپریشنوں کے واقعات میں 37 سکیورٹی اہلکار اور 54 شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں۔ واقعات میں 124 عسکریت پسندوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے ۔
پاکستان اور عراق میں بحری تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد ، 6 اگست (یو این آئی) پاکستان اور عراق نے بحری تعاون بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے نئی سمندری راہیں تلاش کرنے پر غور کیا ہے ۔اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے عراقی سفارتی مشن کے سربراہ نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک نے بحری شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور نئی سمندری راہیں تلاش کرنے پر غور کیا گیا۔عراقی سفارتی مشن کے سربراہ عبدالقادر سلیمان الہمیری نے کہا کہ بحری شعبہ مستقبل کے تعاون کا اہم ذریعہ ہے جب کہ عراق پاکستان کے لیے فیری سروس شروع کرنے کا خواہاں ہے ۔وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ پاک عراق فیری سروس تعلقات کا نیا باب ثابت ہوگی اور اس سے تجارت، لاجسٹکس اور مذہبی سفر کو بھی فروغ ملے گا۔جنید انوار نے کہا کہ یوم عاشور پر 88 ہزار سے زائد پاکستانی زائرین نے عراق کا سفر کیا۔ فیری سروس سے مسافر اور کارگو روابط سے بلیو اکانوی کو بھی تقویت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اس ملاقات میں عراقی تیل کی درآمد، پاکستانی گوشت اور چاول کی برآمد پر بھی بات چیت ہوئی۔وفاقی وزیر کے مطابق ایران اور جی سی سی ممالک سے فیری روٹس پر کام جاری ہے ۔