پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 56 فیصد اضافہ

   

اسلام آباد : پاکستان میں سن 2020 کے مقابلے میں گزشتہ برس دہشت گردانہ حملوں میں 56 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تقریباً 300 حملوں میں 395 افراد ہلاک ہوئے۔تھنک ٹینک پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کانفلیکٹ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق ان حملوں میں 186 سویلین جبکہ پاکستانی سکیورٹی فورسز کے 192 اہلکار ہلاک ہوئے۔ پاکستانی فوج کی جانب سے کی گئی کارروائیوں میں 188 عسکریت پسند مارے گئے۔پی آئی سی ایس ایس کی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کو پڑوسی ملک افغانستان میں طالبان کی بڑھتی ہوئی طاقت کے ساتھ جوڑا جا سکتا ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی کے سب سے زیادہ واقعات گزشتہ سال اگست میں ہوئے جب طالبان کابل پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ اس ماہ پاکستان میں 45 حملوں میں 64 پاکستانی مارے گئے تھے۔سیکورٹی امور سے متعلق کئی کتابوں کے مصنف زاہد حسین نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو میں کہا کہ گزشتہ سال صرف جنوبی اور شمالی وزیرستان میں دہشتگردانہ حملوں میں قریب میں ڈیڑھ سو پاکستانی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔