کراچی: پاکستان کے بندرگاہی شہر کراچی میں ایک محافظ نے منگل کو ایک ٹیکسٹائل مل میں کام کرنے والے دو چینی شہریوں کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ چینی شہریوں کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے کا عسکریت پسندی سے کوئی تعلق نہیں۔کراچی پولیس نے تھانہ سائٹ کے علاقے میں سکیورٹی گارڈ کی جانب سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں دو چینی شہریوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کے آفس سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں اسے ’سکیورٹی گارڈ اور غیرملکی مندوبین کے مابین جھگڑے کا واقعہ‘ قرار دیتے ہوئے کراچی پولیس کو اس واقعے میں ملوث سکیورٹی گارڈ کی گرفتاری کی ہدایات جاری کی ہیں۔