پاکستان میں شدید بارش ، عام زندگی مفلوج ،11جاں بحق

   

لاہور، 10 جولائی (یو این آئی) پنجاب کے دارالحکومت لاہور، اس کے مضافاتی اضلاع اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں شدید مان سون بارش نے تباہی مچا دی،بارش کے نتیجے میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور کئی علاقوں میں معمولاتِ زندگی درہم برہم ہو گئے ، کم از کم 11 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے ۔میڈیاکے مطابق لاہور میں شدید بارشوں سے نشیبی علاقے اور اہم سڑکیں زیرِ آب آ گئیں، جس سے شہر کا ناقص نکاسی آب کا نظام بے نقاب ہوگیا۔واسا کے مون سون کنٹرول روم کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں اوسطاً 58.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جن میں نشتر ٹاؤن میں سب سے زیادہ 84 ملی میٹر، لکشمی چوک میں 78 ملی میٹر اور پانی والا تالاب میں 74 ملی میٹر بارش ہوئی۔ بارش کے پانی میں سیوریج شامل ہونے سے صحت عامہ کا بحران پیدا ہو گیا، کیونکہ شہریوں کو گندے پانی میں سفر کرنا پڑا۔