اسلام آباد ۔ 24 اگست (ایجنسیز) وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ ادارے ملک بھر کے نشیبی علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کیلئے مکمل طور پر تیار رہیں کیوں کہ آنے والے دنوں میں مزید سیلاب کی پیش گوئی کی گئی ہے۔قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق رواں برس 26 جون سے جاری مون سون کی شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال، بادل پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر واقعات میں ملک بھر میں اب تک 750 سے زائد اموات ہو چکی ہیں، سینکڑوں لوگ زخمی ہیں جبکہ گھروں اور املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف حصوں میں 23 سے 30 اگست تک شدید بارشوں، پہاڑی تودے گرنے سیلاب اور نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا الرٹ جاری کیا ہے۔وزیر اعظم کے دفتر سے ہفتے کو جاری کیے گئے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ ’حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کرنا قومی فریضہ ہے۔‘ انہوں نے دریاؤں، ندیوں اور قدرتی آبی گزرگاہوں کے قریب تعمیرات کی روک تھام کیلئے ایک قومی مہم بھی شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔ادھر خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمعیل خان میں گذشتہ رات شدید آندھی اور طوفانی بارش کے دوران حادثات و واقعات میں خواتین اور بچوں سمیت آٹھ افراد جاں بحق اور 50 زخمی ہوگئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب شدید آندھی اور طوفانی بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات ڈیرہ اسمٰعیل خان کے مطابق طوفان کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی، شدید آندھی کے باعث درخت اکھڑ کر سڑکوں پر گرگئے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ گھروں اور عمارتوں کی چھتوں پر نصب سولر پینل بھی اڑ گئے۔