اسلام آباد، 27 جون (یو این آئی) پاکستان کے مشرقی صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران موسلا دھار بارش کی وجہ سے کم از کم سات لوگوں کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے ۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کل دیر رات یہ اطلاع دی۔ حکام کا کہنا ہے کہ دو افراد دریائے جہلم میں ڈوب گئے ۔ اوکاڑہ اور بہاول نگر میں بارش سے متعلقہ واقعات میں دو بچے جاں بحق ہوگئے ۔ مظفر گڑھ میں دیوار گرنے سے دو افراد اور خانیوال میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی۔ملتان، فیصل آباد، ساہیوال، شورکوٹ اور منڈی بہاؤالدین علاقہ سے بارش سے متعلق دیگر حادثات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن میں زیادہ تر چھت اور دیوار گرنے یا بجلی کا جھٹکا لگنے کی وقوعات شامل ہیں۔اتھارٹی نے باشندوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومتی پالیسی کے مطابق متاثرین کے اہل خانہ کیلئے مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔پاکستان کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک بھر میں بارش یکم جولائی تک جاری رہے گی۔ ایک الرٹ جاری کیا گیا ہے کہ اس موسم میں معمول سے 25 فیصد زیادہ بارش ہو گی، جس سے شہری علاقوں بالخصوص نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ جائے گا۔