اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ملک کے نئے صدر کے انتخاب کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 9 مارچ کو طلب کرلیا۔ میڈیا کے مطابق اسپیکر کی جانب سے طلب کردہ دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس 9 مارچ کی صبح 10 بجے منعقد ہوگا، اجلاس نئے صدر مملکت کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کی غرض سے طلب کیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر کے انتخاب کیلئے پیپلزپارٹی کی جانب سے امیدوار آصف علی زرداری اور سنی اتحاد کونسل کی جانب سے امیدوار محمود خان اچکزئی کے کاغذات جمع کرادیے گئے تھے ۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صدارتی انتخاب کیلئے آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرائے تھے ، آصف زرداری کے تجویز کنندہ مراد علی شاہ جب کہ ناصر حسین شاہ تائید کنندہ تھے۔ دوسری جانب سنی اتحاد کونسل نے صدارتی انتخاب کیلئے محمود خان اچکزئی کے کاغذات اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائے۔ ان کے کاغذاتِ نامزدگی رہنما تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لطیف کھوسہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائے ۔ان کے علاوہ عبدالقدوس اعوان نے بھی آزاد حیثیت سے صدارتی امیدوار کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ۔