کراچی ۔5؍جنوری ( سیاست ڈاٹ کام )بنگلہ دیش نے پاکستان میں ایک کرکٹ میاچ کھیلنے سے اتفاق کیا ہے جبکہ آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا دوسرا ٹسٹ ڈھاکہ میں کھیلنے کی تجویز رکھی ہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کی اس تجویز کو مسترد کردیا ۔ بورڈ کے عہدیداروں نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی تجویز کو مسترد کردیا گیا ہے اور یہ واضح کردیا گیا کہ دوٹسٹ میاچس پاکستان ہوم سیریز کا حصہ ہیں اور دونوں پاکستان میں کھیلے جائیں گے ۔بورڈ کے عہدیداروں نے اس تجویز پر حیرت کا اظہار بھی کیا ۔ بنگلہ دیش کو پاکستان کے خلاف دوٹسٹ میاچ اور تین T20میاچس کھیلنا ہے اور اس کے دورہ کا آغاز 18جنوری سے ہوگا ۔بنگلہ دیش کا دورہ اس اعتبار سے بھی غیر یقینی کا شکار ہے کیونکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں صرف T20سیریز کھیلیںگے اور سیکوریٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ٹسٹ سیریز سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔پاکستان نے غیر جانبدارنہ مقام پر میاچس کے انعقاد سے انکار کرچکا ہے ۔حقیقی صورتحال جنوری کے تیسرے ہفتہ میں معلوم ہوگی ۔
