کراچی۔ 5 جولائی (یو این آئی) پاکستان میں پانچ منزلہ عمارت کے ملبے سے رات بھر مزید لاشیں نکالی گئیں، جس کے بعد ہفتہ کے روز ہلاکتوں کی تعداد 14 تک پہنچ گئی، جبکہ ریسکیو آپریشن دوسرے دن بھی جاری رہا۔ یہ رہائشی عمارت جمعہ کی صبح 10 بجے کے قریب کراچی کے علاقے لیاری میں منہدم ہو گئی تھی۔ ریسکیو 1122 کے سربراہ عابد جلال الدین شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ آپریشن رات بھر بلا وقفہ جاری رہا۔ انہوں نے کہا کہ اسے مکمل کرنے میں مزید 8 سے 12 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔کراچی کے ایک اسپتال میں موجود پولیس افسر سمیعہ سید نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہفتہ کی صبح تک ہلاکتوں کی تعداد 14 ہو گئی تھی، جن میں سے نصف خواتین تھیں، جبکہ 13 افراد زخمی ہوئے ۔ سینئر پولیس افسر عارف عزیز نے اے ایف پی کو بتایا کہ عمارت میں تقریباً 100 افراد رہائش پذیر تھے ۔