پاکستان میں غریبوں کیلئے ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا منصوبہ

   

اسلام آباد : پاکستانی وزیر پیٹرولیم کے مطابق غریب عوام کی مدد کے لیے ایندھن کی قیمتوں میں کمی کی ایک اسکیم تیار کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب خدشہ ہے کہ یہی اسکیم آئی ایم ایف کی طرف سے اگلی مالیاتی قسط کی ادائیگی میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ گزشتہ ہفتہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایندھن کی قیمتوں کے تعین سے متعلق حکومتی منصوبے کا اعلان کیا تھا اور اب اس کی تصدیق وزیر پیٹرولیم نے بھی کر دی ہے۔ پیٹرولیم کے وزیر مصدق ملک نے نیوز ایجنسی روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی وزارت کو ریلیف پیکیج کا مسودہ تیار کرنے کے لیے چھ ہفتہ کا وقت دیا گیا ہے۔ اس نئی اسکیم کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ ملک کے دولت مند صارفین سے ایندھن کی زیادہ قیمت وصول کی جائے گی اور اس رقم کو غریبوں کے لیے قیمتیں کم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ پاکستان کا غریب طبقہ مہنگائی سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور گزشتہ 50 برسوں کے دوران رواں برس فروری میں افراط زر کی بلند ترین شرح ریکارڈ کی گئی تھی۔