ماب لنچنگ سے سختی سے نمٹا جائے گا، وزیر اعظم عمران خان کا انتباہ
اسلام آباد۔ پاکستان کے خانیوال ضلع کے ایک گاؤں میں مبینہ طور پر قرآن کی توہین کرنے کے ملزم کو مشتعل ہجوم نے پتھر مار مار کر ہلاک کر دیا۔مقامی اخبار نے اتوار کو خبر دی ہے کہ ہفتہ کو جنگل ڈیرہ گاؤں میں مغرب کی نماز کے بعد اعلان ہواکہ ایک شخص نے قرآن کے کچھ صفحات کو پھاڑ کر آگ لگادی ہے جس کے بعد سینکڑوں مقامی لوگ جمع ہوگئے ۔اخبار نے اپنی رپورٹ میں ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملنے پر گاؤں پہنچی پولیس ٹیم نے مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا تھا۔ تاہم ہجوم نے اسے ایس ایچ او کی حراست سے چھین لیا۔ اس کے بعد اسے درخت سے لٹکا کر گاؤں والوں نے اسے پتھر مار مار کر ہلاک کردیا۔دوسری طرف وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے انتباہ دیا ہے کہ ماب لنچنگ سے قانون کے تحت سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ وارننگ جاری کی اور کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے پولیس سے اس واقعہ کی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔