دکانیں ہفتے میں دو روز بند رکھی جائیں گی۔تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند
ٓاسلام آباد ۔9مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے بتا یا کہ وزیراعظم عمران خان کے حکم پر ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں 9 مئی سے نرمی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹی مارکیٹیں اور دکانیں کھول دی گئیں، کھانے پینے کی اشیاء اور میڈیکل اسٹورز کے علاوہ تمام دکانیں ہفتے میں دو روز بند رکھی جائیں گی۔تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند، اس سال بورڈ کے امتحانات نہیں ہوں گے۔شبلی فراز نے خبردار کیا کہ کاروباری شعبوں کو بتائے گئے طریقہ کار پر سختی سے عمل کرنا ہوگا، احتیاط نہ کی گئی تو دوبارہ لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں 9 مئی سے لاک ڈاؤن مرحلہ وار ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت چھوٹے کاروبار اور دکانوں کو صبح 5 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ تعلیمی اداروں کو بھی 15 جولائی تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔لاک ڈاون میں نرمی کرتے ہوئے، بلوچستان کی حکومت نے صوبہ بھر میں تمام شاپنگ مالز، مارکیٹوں، دکانوں گودام، آٹو ریپئر شاپس اور ہیر کٹنگ سیلونز کو ہفتے کے روز صبح 3 بجے سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔صوبائی محکمہ داخلہ کی طرف سے جاری کئے گئے ایک اعلامیے کے مطابق، مجاز حکام کی منظوری سے لاک ڈائون کے حوالے سے4 مئی کے اعلامیہ میں ترمیم کی گئی ہے۔اعلامیہ کے مطابق، صوبے بھر میں تمام شاپنگ مالز، مارکیٹس، دکانوں، گودام آٹو ریپئر شاپس اور ہیر کٹنگ سیلونز کو تمام ہفتہ صبح 3 بجے سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی۔ تاہم، شام 5 بجے کے بعد یہ کاروبار کھولے رکھنے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔اعلان میں کہا گیا ہے کہ تندور، ڈیری پروڈکٹس، شاپس، میڈیکل سٹورز، بلڈ بینک اور ٹیلر شاپس کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی۔ بعض صوبوں نے لاک ڈاؤن میں نرمی نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جن میں راولپنڈی بھی شامل ہے۔
