کوروناوائرس کی علامات پر بھی جانچ میں عجلت نہ کریں : عمران خان
اسلام آباد ۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں کوروناوائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور ان کی تعداد بڑھ کر جمعرات کو 381 ہوگئی۔ انتہائی ہنگامی صورتحال کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور مسلح افواج سے کہا گیا ہیکہ وہ طبی سہولتیں فراہم کرے۔ پاکستان میں کل کوروناوائرس کے باعث دو افراد کے فوت ہونے کی اطلاع دی گئی تھی۔ دوسری طرف وزیراعظم پاکستان عمران خان نے عوام سے کہا تھاکہ اگر انہیں (عوام) یہ محسوس بھی ہونے لگے کہ وہ کوروناوائرس سے متاثر ہیں تو اسکے باوجود بھی وہ ہاسپٹل میں اپنا ٹسٹ کروانے کیلئے عجلت نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے اندر پیدا ہونے والی علامات پر کچھ دنوں تک نظر رکھنی چاہئے اور اس کے بعد ہی ہاسپٹل کا رخ کرنا چاہئے۔ عمران خان نے کہا کہ کوروناوائرس کی علامات والے 90 فیصد مریض ایسے ہوتے ہیں جو آسانی سے صحتمند ہوجاتے ہیں۔ صرف معمر افراد اور ایسے افراد جن کی قوت مدافعت کمزور ہے انہیں کوروناوائرس کا خدشہ ضرور لاحق ہوسکتا ہے۔ یاد رہیکہ عمران خان کے اس بیان پر سوشیل میڈیا پر انہیں کڑی تنقیدوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
