اسلام آباد : پاکستان کے مشرقی صوبہ پنجاب میں اتوار کی صبح مسافر ٹرین اور مال بردار ٹرین کے ٹکرانے کے حادثے میں 29 افراد زخمی ہو گئے ۔سرکاری امدادی تنظیم ریسکیو 1122 نے یہ اطلاع دی۔خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ریسکیو 1122 کے ہیڈ کوارٹر کے شفٹ انچارج محمد عتیق کے حوالے سے بتایا کہ یہ حادثہ صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں ریلوے ملازمین کی ممکنہ غفلت کے باعث صبح 4:30 بجے (مقامی وقت) پیش آیا۔انہوں نے کہا کہ “ریلوے کا عملہ مسافر ٹرین کا ٹریک تبدیل کرنے میں ناکام رہا اور وہ اسی ٹریک پر چلتی رہی جس پر مال بردار ٹرین پہلے سے کھڑی تھی”۔ انہوں نے کہا کہ مسافر ٹرین دھیمی رفتار سے چل رہی تھی جس کی وجہ سے نقصان کم ہوا۔ حادثے میں زیادہ تر لوگوں کو معمولی چوٹیں آئیں۔انہوں نے کہا کہ 27 زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ دو شدید زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا ہے ۔ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ٹیم جائے حادثہ پر حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے۔