امریکہ ۔ ایران جنگ کا خاتمہ اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اجتماعی کو ششوں پر زور
اسلام آباد۔29؍مارچ ( ایجنسیز )وزیراعظم شہباز شریف نے 4 ممالک کے وزرائے خارجہ کو مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کردیا ۔ اسلام آباد میں شہباز شریف نے سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں جس میں مہمانوں کو پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔پاکستان کی میزبانی میں 4 ممالک کا اہم مشاورتی اجلاس ختم ہوا۔وزرائے خارجہ نے دوران گفتگو وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔دوران ملاقات وزیراعظم ترک اور مصر کے صدر کیلئے نیک تمناؤں اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور ان رہنماؤں سے اپنی حالیہ گفتگو کا تذکرہ بھی کیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک میں کشیدگی سے قیمتی جانوں، معیشت اور املاک کا نقصان ہو رہا ہے، خطے میں کشیدگی کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، ایران اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ یہ اجلاس مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں غیرمعمولی اہمیت رکھتا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد کے نور خان ایئر بیس پر پہنچے۔اس سے قبل مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ بھی اسلام آباد پہنچے۔ انہوں نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے دفتر خارجہ میں ملاقاتیں کیں۔مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کی میزبانی میں چار فریقی مذاکرات کافی اہمیت کے حامل ہیں۔قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ میں جمہوریہ ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فدان اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں خطہ کی کشیدہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر اہم مشاورت کی۔ علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے فریقین نے ایران کی موجودہ صورتحال سمیت دیگر اہم پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا اور خطہ میں امن و استحکام کیلئے مذاکرات اور مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے تحمل، کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے حل کیلئے بات چیت اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے غزہ کے عوام تک انسانی امداد کی فراہمی میں مصر کے کردار کو سراہا۔ دونوں ممالک نے اقوامِ متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سمیت کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ مصر کے وزیرخارجہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل ہے جن میں 19 مارچ 2026 کو ریاض میں ہونے والی ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔
یہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظر میں پاکستان اور مصر کے مابین قریبی ہم آہنگی کا مظہر ہے۔