پاکستان میں منکی پاکس کے دو مریض قرنطینہ کر دیئے گئے

   

اسلام آباد: پاکستان کے صوبے خیبر پختونخواہ کے محکمہ صحت نے متحدہ عرب امارات سے آنے والے دو مسافروں میں منکی پاکس کی تصدیق کی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے ایک روز قبل ہی منکی پاکس یا ایم پاکس کو عالمی ایمرجنسی قرار دیا تھا۔ محکمہ صحت خیبر پختونخواہ کے ڈائریکٹر جنرل سالم خان نے بتایا ہے کہ یو اے ای سے آنے والے تین مسافروں میں سے دو میں منکی پاکس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ تیسرے مشتبہ مریض میں مرض کی تشخیص کیلئے سیمپل نیشنل ہیلتھ انسٹیٹیوٹ اسلام آباد روانہ کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تینوں مریضوں کو قرنطینہ کیا جا رہا ہے۔ البتہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ مریضوں میں منکی پاکس کا کون سا ویریئنٹ پایا گیا ہے۔وائس آف امریکہ کی نمائندہ ارحم خان کے مطابق ترجمان وزارتِ صحت ساجد شاہ نے بتایا ہیکہ قومی ادارہ صحت میں مردان سے تعلق رکھنے والے شخص کے بھیجے گئے نمونے میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ متاثرہ شخص کی کانٹیکٹ ٹریسنگ شروع کر دی گئی ہے۔کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ کے مطابق ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر اسکریننگ کا نظام موجود ہے اور صحت کا عملہ اس نظام کی مانیٹرنگ کیلئے جلد دورے بھی شروع کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر منکی پاکس کی روک تھام کیلئے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادہانوم گیبراسس کے مطابق ایم پاکس کئی طرح کے وائرس سے پھیل رہا ہے اور اس کی خطرناک قسم ‘ون بی’ ہے جس کا سب سے زیادہ پھیلاؤ افریقی ملک کانگو میں دیکھنے کو ملا۔