اسلام آباد: پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ میں پولیس نے اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) سے وابستہ ایک دہشت گرد کمانڈر کو ہلاک کر دیا ہے ۔ پولیس نے یہ واردات صوبائی دارالحکومت پشاور میں دہشت گرد کمانڈر کے ٹھکانے پر چھاپے کے دوران انجام دیا۔جمعرات کو پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے کمانڈر کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا تو دہشت گرد نے تابڑتوڑ پولیس پر فائرنگ کردی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں دہشت گرد مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ذرائع نے بتایا کہ مارا گیا دہشت گرد ملک میں اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) دہشت گرد گروپ کا مقامی کمانڈر تھا، جو پشاور کی ایک مسجد پر حالیہ حملے سمیت کئی دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا، جن میں درجنوں افراد ہلاک اور سینکڑوں دیگر زخمی ہوئے تھے ۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ دہشت گرد، ایک امام سمیت چند پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کے علاوہ ٹارگٹ کلنگ کے کئی دیگر واقعات میں بھی ملوث تھا۔وہیں فرار ہونے والے دہشت گرد کے ساتھی کی تلاش جاری ہے ۔