اسلام آباد، 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں ڈینگو بخار نے وبائی شکل اختیار کر لی ہے ۔ ڈینگو سے متاثرین کی تعداد 10ہزار سے متجاوز کر گئی ہے اور حکومت کا کہنا ہے کہ آئندہ 10 دنوں میں اس جان لیوا بخار کے کیسزاور بھی بڑھیں گے ۔وزیر اعظم عمران خان کی صحت کے امور کے معاون خصوصی ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ڈینگو بخار کے اعداد و شمار پانچ ہندسوں کو پار کر گیا ہے اور اگلے 10 دنوں میں یہ تعداد اور بڑھے گی۔ڈاکٹر مرزا نے اتوار کو پریس کانفرنس میں بتایا‘‘ گرمی میں کمی شروع ہونے پر اگلے ماہ ڈینگو کنٹرول میں آ جائے گا۔ میں نے محسوس کیا کہ سیاستداں ٹیلی ویژن شو کے دوران ڈینگو کے معاملہ کو نمایاں طور سے اٹھا رہے ہیں۔ ان لوگوں کو میرا مشورہ ہے کہ ڈینگو مسئلہ پر سیاست نہ کریں یہ صحت عامہ سے منسلک معاملہ ہے ’’۔پاکستان میڈیا کے مطابق انہوں نے بتایا کہ اس سال ملک میں ڈینگوکے 10 ہزار 13 کیس اب تک سامنے آ چکے ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ گزشتہ برسوں میں اس سال کے مقابلے میں ڈینگو کے معاملے زیادہ تھے ۔