پاکستان میں ڈینگی سے مزید 3اموات، مہلوکین کی تعداد36 ہوگئی

   

کراچی، 16 نومبر (یو این آئی) پاکستان کے صوبہ سندھ کے محکمہ صحت نے کہا ہے کہ صوبے میں ڈینگی کی وبا جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید تین مریضوں کی موت ہوگئی ہے ، جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 36 ہو گئی ہے ۔ ڈان نیوز کے مطابق محکمہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مچھروں کی افزائش کے مقامات ختم کریں، حفاظتی اقدامات کریں اور علامات ظاہر ہونے پر فوری طبی امداد حاصل کریں تاکہ مرض کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ۔ڈینگی کی تازہ لہر میں پاکستان کے شہر حیدرآباد میں ایک 50 سالہ مرد اور ایک 80 سالہ خاتون، جبکہ کراچی میں ایک 55 سالہ خاتون انتقال کر گئی ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں ڈینگی کے 180 نئے مریض داخل ہوئے ، جن میں 113 سرکاری ہسپتالوں اور 57 خانگی ہسپتالوں میں داخل کیے گئے ۔اس وقت صوبے بھر کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں 241 مریض زیر علاج ہیں، جن میں کراچی ڈویژن میں 44 مریض سرکاری ہسپتالوں میں داخل ہیں، حیدرآباد میں 35 اور دیگر اضلاع سے 34 مریض داخل ہوئے ہیں۔گذشتہ 24 گھنٹوں میں کل 5 ہزار 229 ڈینگی ٹیسٹ کیے گئے ، جن میں سے 774 مثبت آئے ، جبکہ اسی دوران 191 مریض صحتیاب ہو کر ہسپتالوں سے ڈسچارج ہوئے ۔