اسلام آباد، 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 18822 تک پہنچ گئی اور اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 432 ہو گئی ہے ۔ اس کے علاوہ 4817 مریض صحت یاب ہو کر گھر واپس لوٹ چکے ہیں ۔ پاکستان کی وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق 30 مئی تک ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد ڈیڑھ لاکھ تک پہنچ سکتی ہے ۔ پاکستان میں ہفتہ کو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1297 متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے اور متاثرین کی مجموعی تعداد 18822 پر پہنچ گئی ۔ ملک میں 1297 نئے کیسز میں سے سندھ میں 622، پنجاب میں 393، خیبر پختونخوا میں 172، بلوچستان میں 87،اسلام آباد میں 22 اور گلگت بلتستان میں ایک کیس ہے ۔ پاکستان کے مقبوضہ کشمیر میں کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا ہے ۔ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا صوبوں میں کورونا وائرس نے قہر بر پا رکھا ہے ۔ ملک کے مجموعی 18882 متاثرین میں سے صوبہ سندھ میں سب سے زائد 7102 اور پنجاب صوبے میں 6854، خیبر پختونخوا میں 2907، بلوچستان میں 1172، اسلام آباد دارالحکومت علاقہ میں 365، گلگت بلتستان میں 356 اور پاکستان کے مقبوضہ کشمیر میں 67 کیسز ہیں ۔ڈاکٹر ظفر نے کہا‘‘ ہم نے اب تک مجموعی 194000 ٹیسٹ کئے ہیں ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9164 ٹیسٹ کئے گئے ۔ جو ایک دن میں سب سے زیادہ ٹیسٹ ہیں’’ ۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 3684 ٹیسٹ کئے گئے ، پنجاب شہر میں 3384، خیبر پختونخوا میں 985، اسلام آباد میں 495، بلوچستان میں 386 اور پاکستان کے مقبوضہ کشمیر میں 16 ٹیسٹ کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ 4817 مریض صحت یاب ہو کر اپنے گھر لوٹ چکے ہیں ۔