مہلوکین کی تعداد بھی 45 ہوگئی ۔ صوبہ پنجاب زیادہ متاثر
اسلام آباد 5 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد آج بڑھ کر 2,899 ہوگئی جبکہ ملک بھر میں اس وباء کے تیز رفتاری سے پھیلنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ وزارت قومی صحت خدمات کے تحت ملک بھر میں اب تک اس وائرس کی وجہ سے جملہ 45 افراد اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں جبکہ 130 افراد صحتیاب بھی ہوئی ہیں۔کہا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں اس وائرس کے 1,163 کیس ہیں جبکہ سندھ میں 881 خیبر پختونخواہ میں 372 ‘ بلوچستان میں 182 اور گلگت بالٹستان میں 206 کیس ہیں۔ اسلام آباد میں 78 کیس پائے گئے ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر میں یہ کیس 14 ہیں۔ حکومت پاکستان کی جانب سے اس وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے کئی اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے تاہم ان میں کوئی کامیابی نہیں مل سکی ہے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ایک قومی رابطہ کمیٹی بنائی گئی ہے جس کا روزآنہ اجلاس ہو رہا ہے جس میں اس وائر س سے نمٹنے کے اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے ۔ حکومت کی جانب سے ایک نیشنل کمانڈ و آپریشن سنٹر بھی بنایا گیا ہے تاکہ سرکاری فیصلوںپر عمل کروایا جاسکے ۔
