اسلام آباد ۔ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایران سے ایک 45 سالہ خاتون کے پاکستان واپس آنے کے بعد اسے کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا اس طرح پاکستان میں کووڈ۔19 وائرس سے متاثر ہونے والوں کی جملہ تعداد پانچ ہوگئی۔ خاتون کے بارے میں یہ کہا جارہا ہیکہ وہ کچھ روز قبل ایران سے واپس آئی تھی اور گلگت۔ بالتستان خطہ کے گلگت سٹی کی ساکن ہے۔ اس موقع پر صحت کے خصوصی مشیر ڈاکٹر ظفر مرزا نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی علاقوں میں کووڈ۔19 کا یہ پانچواں معاملہ ہے جبکہ مریض کی حالت مستحکم ہے۔ لہٰذا میڈیا سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ مریض اور اس کے خاندان کی پرائیویسی کا احترام کرے۔ مریض کے خون کے نمونے اسلام آباد کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ میں ٹسٹ کیلئے بھیجے گئے تھے اور خاتون کو متاثر پانے کے بعد اسے ہاسپٹل کے ایک الگ تھلگ وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
