اسلام آباد، 12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کووڈ 19 کے کیس مسلسل بڑھتے جارہے ہیں اور یہاں متاثرین کی تعداد 5030 ہو گئی ہے جبکہ اس وبا سے اب تک 86 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔وزارت صحت نے یہ اطلاع دی۔ پاکستان کا پنجاب اور صوبہ سندھ کورونا وائرس کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔دونوں صوبوں میں بالترتیب 2414 اور 1318 متاثرین کی تصدیق ہو چکی ہے ۔خیبر پختونخوا میں 31 افراد کی موت ہو چکی ہے اور 697 لوگ متاثر ہیں۔ صوبہ سندھ میں 28 اور پنجاب میں 21 افراد کی موت ہوچکی ہے ۔ بلوچستان میں 220 اور گلگت ۔بلتستان میں 215 کیسیس کی تصدیق ہوئی ہے ۔اسلام آباد میں 113 متاثرین ہیں اور ایک شخص کی موت ہوئی ہے ۔ پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں 34 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔مختلف اسپتالوں میں 4163 مریضوں کا علاج چل رہا ہے ، جن میں سے 50 کی حالت نازک ہے جبکہ ٹھیک ہونے کے بعد 762 لوگوں کو چھٹی دے دی گئی ہے . یہ مجموعی متاثرہ مریضوں کا 15.2 فیصد ہے ۔وزارت صحت نے کہا کہ ملک میں اب تک 57836 ٹسٹ کئے گئے ہیں اور آئندہ دنوں میں ٹسٹ کی تعداد بڑھائی جائیگی ۔صوبہ سندھ کے وزیر اعلی سید مراد علی شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ روزانہ مزید ٹسٹ ہونے سے مصدقہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انفیکشن کے کئی معاملے آنے کے بعد کراچی کے مشرقی حصے کے 11 حصوں کو مکمل سیل کر دیاگیا ۔ وزیر اعظم کے انفارمیشن کے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ حکومت پیر کو وبا کے خلاف اقدامات پر نظر ثانی کرنے اور منگل کو لاک ڈاؤن کی توسیع کے حوالہ سے غور کریگی۔اس سے پہلے جمعرات کو پاکستان حکومت نے تمام گھریلو اور بین الاقوامی پروازوں کی معطلی 21 اپریل آدھی رات تک بڑھا دی تھی۔
