اسلام آباد۔ 15اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ ۔19) مسلسل پھیلتی جا رہی ہے اور چہارشنبہ کو ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد 6000 سے تجاوز کر گئی جبکہ 113 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ پاکستان میں منگل کے روز مجموعی کیسیس 5812 اور ہلاکتوں کی تعداد 100 تھی ۔ چہارشنبہ کو کورونا متاثرین کی تعداد 6146 تک پہنچ گئی ہے ۔ پاکستان میں ایک طرف جہاں وائرس متاثرین اور اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے وہیں کورونا متاثرین میں ہلاکتوں کی شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس مسلسل شدت اختیار کرتا جا رہا ہے ۔ پنجاب میں کورونا سے متاثرہ افراد 2945 ہیں جبکہ 28 کی موت ہو چکی ہے ۔ صوبہ سندھ کورونا وائرس کے معاملے میں دوسرے مقام پر ہے ۔ یہاں 1668 متاثر ہیں جبکہ ہلاکتیں سب سے زیادہ 41 ہیں ۔ خیبر پختونخوا میں بھی 38 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ یہاں 865 افراد اس کی انفیکشن کی زد میں ہیں ۔ بلوچستان میں وائرس کی زد میں 248 افراد آ چکے ہیں جبکہ دو کی موت ہوئی ہے ۔ گلگت بلتستان میں 234 متاثراور 3کی موت ہوئی ہے ۔ دارالحکومت اسلام آباد میں اب تک 140 متاثر ہوئے ہیں اور ایک کی موت ہوئی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں 46 متاثر ہیں ۔
