چین سے پاکستانی طلبہ کے انخلاء کا عنقریب فیصلہ
اسلام آباد ۔ 10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چین سے ایک فلائیٹ کے ذریعہ پاکستان پہنچنے والے پانچ افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا شبہ ہے۔ مقامی رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا۔ ایرپورٹ پر مسافرین کی اسکریننگ کے دوران انہیں مشتبہ پایا گیا کیونکہ ان کے جسم کی حرارت معمول سے زیادہ تھی۔ ان کی طبی جانچ کیلئے انہیں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس میں شریک کیا گیا۔ دوسری طرف پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایسے بیشتر طلبہ جو چین کے صوبہ ہوبئی میں جہاں کورونا وائرس پھیل چکا ہے، اب تک بحفاظت اپنے وطن نہیں پہنچ سکے ہیں جبکہ حکومت پاکستان بھی انہیں واپس لانے کیلئے پس و پیش کا شکار ہے اور اب تک صرف یہی بیان سامنے آیا ہیکہ حکومت پاکستان صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہی ہے اور طلبہ کے انخلاء کا کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ حکومت پاکستان کو اس وقت کڑی تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا تھا جب اس نے یہ کہا تھا کہ چین سے پاکستانی طلبہ کا انخلاء نہیں کیا جاسکتا کیونکہ انہیں وطن واپس لانے کے بعد پاکستان کے پاس کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کیلئے درکار معیاری علاج دستیاب نہیں ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خصوصی معاون ظفر مرزا نے کہا کہ اس معاملہ پر اب اعلیٰ سطح پر بحث کی گئی ہے اور تمام امور پر غوروخوض کے بعد کوئی قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ بہرحال یہ بات اپنی جگہ مسلمہ ہیکہ طلبہ کی حکومت پاکستان کو بھی فکر ہے۔ اخبار ڈان سے بات کرتے ہوئے انہوں نے ایک بار پھر اپنی بات دہرائی اور کہا کہ فی الحال حکومت پاکستان حالات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔