کراچی ۔18 فروری(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کے لیے ملتان سلطانز میں شامل جنوبی افریقہ کے کرکٹر عمران طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کھیلنا اْن کے لیے باعث فخر ہے۔ لیگ اسپنر نے کہا ہے کہ لاہور ان کا شہر ہے، وہ یہیں پلے بڑھے ہیں، اپنے گھر میں پی ایس ایل کھیل کر انہیں بہت خوشی ہوگی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی نژاد جنوبی افریقی کرکٹر عمران طاہر نے کہا کہ 2017 میں انہوں نے ورلڈ الیون کے ساتھ دورہ کیا اور یہاں کھیلنے کا موقع ملا، اس کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ میں اپنے شہر اور اپنے گھر میں کھیل رہا ہوں، اس کا تو اپنا مزا ہے۔عمران طاہر نے کہا کہ پاکستان میں لیگ ہو رہی ہے، میں یہاں پلا بڑھا ہوں یہاں کھیلنا فخر کی بات ہے، ورلڈ الیون کے بعد اب میرا خاندان مجھے یہاں براہ راست کھیلتا ہوا دیکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پی ایس ایل کے مکمل ایڈیشن کا انعقاد خوش آئند ہے، اپنے ملک کا برانڈ اپنے ملک میں ہی ہونا چاہیے کیونکہ اس سے کرکٹرز کو فائدہ ہوتا ہے۔