اسلام آباد 15 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج ہندوستانی ہائی کمیشن کے ایک سینئر سفارتکار کو طلب کرتے ہوئے لائین آف کنٹرول پر جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزی پر احتجاج درج کروایا ۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ ہندوستانی سکیوریٹی فورسیس نے لائین آف کنٹرول پر 14 فبروری کو فائرنگ کی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں فتح پور گاوں میں ایک 13 سالہ لڑکی زخمی ہوگئی ہے ۔ اس کے علاوہ وہاں سرحد پر کچھ اور نقصان بھی ہوا ہے ۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے یہ فائرنگ بالکل بلا اشتعال کی گئی ہے اور حالیہ عرصہ میںاس طرح کی فائرنگ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ ان الزامات کی ہندوستان تردید کرتا رہا ہے ۔
