پاکستان میں ’یوم کشمیر‘ ، عمران کی انڈیا پر تنقید

   

اسلام آباد ۔ 18 اکٹوبر (سیاست ڈا ٹ کام) پاکستان نے آج جمعہ کو یوم کشمیر منایا تاکہ کشمیریوں کے ساتھ یگانگت کا اظہار کیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے جموں و کشمیر کے خصوصی درجہ کی تنسیخ پر ہندوستان کے خلاف ایک اور لفظی حملہ شروع کیا۔ پاکستان اس معاملہ میں ہندوستان کے خلاف بین الاقوامی حمایت جٹانے کی ابھی تک ناکام کوشش کرتا رہا ہے جبکہ جموں و کشمیر کے خصوصی موقف سے ہندوستانی حکومت نے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے اس ریاست کو دو مرکزی علاقوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا۔ 5 اگست اور اس فیصلہ کے بعد پاکستان نے نئی دہلی کے ساتھ سفارتی روابط کا درجہ گھٹا دیا اور ملک سے انڈین ہائی کمشنر کو خارج کردیا۔ پاکستان کے ردعمل کو مستردکرتے ہوئے ہندوستان نے بین الاقوامی برادری کو واضح طور پر بتایا ہیکہ کشمیر کے بارے میں اس کا اقدام داخلی معاملہ ہے۔ ہندوستان کا یہی موقف ہیکہ کشمیر پاکستان کے ساتھ باہمی مسئلہ ہے اور اس میں تیسرے فریق کا کوئی رول نہیں۔ عمران خان نے آج پھر ایک بار ٹوئیٹر کے ذریعہ ہندوستان اور وزیراعظم نریندر مودی کو مسئلہ کشمیر پر تنقید کا نشانہ بنایا کیونکہ آج لگاتار 75 ویں دن وادی کشمیر میں عام زندگی بدستور متاثر ہے۔