اسلام آباد: پاک فوج نے کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جمعرات کو ملک کے ایک آپریشنل فضائی مرکز پر جاری انڈس شیلڈ فضائی مشق کا مشاہدہ کیا جہاں انہوں نے فضائی جنگ میں فضائیہ کے سپاہیوں کی مہارت کی تعریف کی۔یہ مشق جس کا مقصد فضائی جنگ کے جدید تصورات کو مستحکم کرنا، باہمی تعاون اور معلومات کے استعمال اور تبادے کی اہلیت کو فروغ دینا ہے، اس میں سعودی عرب،یو اے ای، قطر، ترکی، مصر، عمان، بحرین، آذربائیجان، انڈونیشیا، مراقش، ازبکستان، چین اور ہنگری بھی شریک ہیں۔آرمی چیف کی آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ان کا استقبال کیا اور غیر ملکی معززین اور پی اے ایف کے پرنسپل اسٹاف افسران کا ان سے تعارف کرایا۔ ترکی، آذربائیجان اور ہنگری کی فضائیہ کے سربراہان بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔
پاکستانی فوج کے میڈیا ونگ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جنرل منیر نے فضائی جنگ کی ابھرتی ہوئی حرکیات کے درمیان مشترکہ مقاصد کے حصول میں کثیر القومی فضائی مشقوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔