لاہور ۔ 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سب سے وزنی شخص جن کا وزن 330 کیلو گرام بتایا گیا ہے اور حال ہی میں جن کی لیپوسکشن سرجری بھی عمل میں آئی تھی، کا آئی سی یو میں ہوئی کچھ گڑبڑ کی وجہ سے ڈاکٹرس کی عدم توجہی کا شکار ہوکر انتقال ہوگیا۔ 55 سالہ نورالحسن صادق آباد کے ساکن تھے جو لاہور سے 400 کیلو میٹر کے فاصلہ پر ہے۔ 28 جون کو ان کا وزن کم کرنے کیلئے خصوصی آپریشن کیا گیا تھا۔ پاکستان کے فوجی سربراہ قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر انہیں ہیلی کاپٹر سے لاہور لایا گیا تھا۔ آپریشن کے بعد انہیں شالیمار ہاسپٹل کے ایک آئی سی یو میں رکھا گیا تھا تاہم وہاں ایک خاتون مریض کی موت کے بعد پیدا ہوئی زبردست گڑبڑ کی وجہ سے ڈاکٹرس آئی سی یو میں نہیں آئے جس کی وجہ سے نورالحسن اور ایک دیگر مریض کی موت واقع ہوگئی۔
