پاکستان میں 4 دہشت گرد بشمول طالبان کمانڈر ہلاک

   

پشاور۔16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی سکیورٹی فورسیس نے چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جن میں طالبان کا ایک اعلیٰ سطحی کمانڈر بھی شامل ہے، جو گزشتہ سال خیبر پختونخواہ صوبہ میں ایک طاقتور بم دھماکہ کا ماسٹر مائنڈ تھا جس میں 31 افراد بشمول تین سکھ ہلاک ہوگئے تھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والوں میں تحریک طالبان، پاکستان (TTP) کے کمانڈر اسلام اور محب الدین ہلاک ہوئے جو متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ سکیورٹی فورسیس نے ان کے قبضہ سے ہتھیار اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ ضبط کیا۔ تفصیلات کے مطابق انٹلیجنس ایجنسیوں نے قاضی پمپ کے قریب ایک مکان پر دھاوا کیا، جہاں دہشت گرد چھپے ہوئے تھے۔ سکیورٹی فورسیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں مکان کا مالک بھی مارا گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں جمعہ بازار میں ہوئے ایک بم دھماکہ میں 31 افراد بشمول 3 سکھ ہلاک اور زائد از 40 افراد زخمی ہوئے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے ان حملوں کی مذمت کی ہے۔