پاکستان میں 5.8 شدت کا زلزلہ ،دہلی میں بھی جھٹکے، جانی نقصان کی اطلاع نہیں

   

اسلام آباد؍نئی دہلی: پاکستان میں چہارشنبہ کو زلزلے کے درمیانے درجے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ، جس کی شدت ریختر اسکیل پر 5.8 ریکارڈ کی گئی۔ دہلی اور قومی راجدھانی علاقے میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔پاکستان میں زلزلے کی شدت ریختر اسکیل پر 5.8 ریکارڈ کی گئی۔ دونوں ممالک میں زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ زلزلے کے جھٹکے رات 12.58 پر محسوس کیے گئے ۔ اس کا مرکز اسلام آباد سے 359 کلومیٹر جنوب مغرب پاکستان میں امرتسر سے 415 کلومیٹر دور مغرب میں 31.25 ڈگری شمالی عرض البلد اور 70.52 درجے جنوبی عرض البلد پر زمین کی سطح سے 33 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔پاکستان میں آنے والے زلزلے کا اثر ہندوستان میں بھی نظر آیا۔ دارالحکومت دہلی اور اس کے آس پاس کے مقامات چندی گڑھ سمیت شمالی ہندوستان کے مختلف حصوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ دہلی میں ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں یہ دوسری بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
اس سے قبل 29اگست کو 5.7شدت کے زلزلے نے افغانستان کو ہلا کر رکھ دیا تھا اور اس کے جھٹکے دہلی-این سی آر اور راجستھان تک محسوس کیے گئے تھے ۔ اس کے اثرات اسلام آباد سمیت پاکستان کے مختلف حصوں، پنجاب اور خیبرپختونخوا صوبوں میں بھی محسوس کیے گئے۔