اسلام آباد : افغانستان کے ہندوکش علاقے میں گزشتہ شام 6.5 شدت کے زلزلے سے دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں اب تک 9 افراد کے جاں بحق ہونے اور 160 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔خیبر پختونخوا ادارہ برائے انسداد آفات نے صوبے میں 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ مختلف حادثات میں 44 افراد زخمی ہوئے۔خبر کے مطابق جاں بحق افراد میں 5 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں، اب تک اطلاعات کے مطابق صوبہ بھر میں 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجکر 47 منٹ پر آیا، زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا خطہ تھا۔زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، ہندوستان، قازقستان، تاجکستان ، ازبکستان، چین، افغانستان اور کرغزستان میں بھی محسوس کیے گئے۔