پاکستان نے ابھینندن کو رہا کردیا ، اے بی وی پی میرے بیٹے کو کب چھوڑے گی؟ لاپتہ نجیب کی والدہ کا سوال

,

   

ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن رہا ہوکر اپنے ملک ہندوستان واپس لوٹ چکے ہیں ۔ پورا ملک ان کی رہائی پر جشن منارہا ہے ۔ وزرا سے لے کر ہندوستانی فضائیہ کے افسران تک ، ان سے ملاقات کررہے ہیں ۔ حالانکہ اس درمیان دہلی میں واقع جواہر لال نہرو یونیورسٹی ( جے این یو ) سے غائب ہوئے طالب علم نجیب کی والدہ فاطمہ نفیس کا ایک بڑا بیان آیا ہے۔

فاطمہ نفیس نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ائیر فورس اسٹرائیک بھی ہوچکی ہے، ہمارے جوان کو بھی پاکستان نے چھوڑ دیا ہے ، لیکن اے بی وی پی میرے بیٹے نجیب کو کب چھوڑے گی ۔

اس سلسلہ میں نیوز 18 سے نجیب کی والدہ نے بات چیت کی ، تو بیماری کی وجہ سے وہ بہت زیادہ بولنے کی حالت میں نہیں تھیں۔ انہوں نے اتنا ہی کہا کہ جب سے نجیب غائب ہوا ہے ، ملک میں ہر طرح کی پریشانی آتی ہے ، لیکن وقت رہتے ہی اس کو حل بھی کرلیا جاتا ہے ۔ ہمارے جانباز پائلٹ کو پاکستان نے گرفتار کرلیا تھا ،لیکن وقت پر ہم نے اس کو بھی رہا کرالیا ۔ لیکن میرے بیٹے نجیب کے غائب ہونے میں ایسا کیا ہے کہ حکومت اور ملک کی بڑی سے بڑی ایجنسیاں دہلی پولیس ، سی بی آئی اور ایس آئی ٹی اس کو تلاش نہیں کرپارہی ہیں ۔ میں جاننا چاہتی ہوں کہ میرا بیٹا کب لوٹ کر آئے گا ۔ کب اے بی وی پی اس کو رہا کرے گی۔

نجیب کے بھائی حسیب احمد نے بتایا کہ ان کی والدہ اس وقت بیمار ہیں۔ کہیں بھی آمدورفت نہیں کرسکتی ۔ ان کے شولڈر جام ہوگئے ہیں۔ بلڈ پریشر اور شوگر کی وجہ سے پہلے ہی ان کی طبیعت خراب چل رہی تھی ۔ اب دن بہ دن وہ زیادہ بیمار رہنے لگی ہیں۔