پاکستان نے انکار کیا ، ہمارا طیارہ تیار:سوریا کمار یادو

   

ممبئی، 5 فروری (آئی اے این ایس) ہندوستانی کپتان سوریاکمار یادو نے پاکستان کی جانب سے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کیے جانے پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم 15 فروری کو آرپریماداسا اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ کے لیے کولمبو روانہ ہونے کو تیار ہے۔ پاکستان 15 فروری کو کولمبو میں مجوزہ اپنے مینز ٹی20 ورلڈ کپ میچ میں ہندوستان کے خلاف نہیں کھیلے گا، کیونکہ پاکستانی حکومت نے ٹیمکی ورلڈکپ میں شرکت کی منظوری اس شرط کے ساتھ دی ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے۔ہندوستان اور پاکستان گروپ اے میں نمیبیا، نیدرلینڈز اور ریاستہائے متحدہ امریکہ (یو ایس اے) کے ساتھ شامل ہیں۔ پاکستان کے تمام میچ سری لنکا میں ہوں گے، جو ہندوستان کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹورنمنٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ہندوستان7 فروری کو ٹورنمنٹ کے پہلے دن ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں یو ایس اے کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا، جبکہ پاکستان اسی دن نیدرلینڈز کے خلاف اپنی مہم کا آغازکرے گا۔ سوریاکمار یادو نے جمعرات کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے کیپٹنز ڈے پریس کانفرنس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہم نے پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار نہیں کیا ہے۔ انہوں نے انکارکیا ہے۔ میرا خیال ہے کہ ذہنیت بالکل واضح ہے۔ ہم نے میچ کھیلنے کے لیے کبھی ‘نہیں’ نہیں کہا۔ یہ فیصلہ دوسری جانب سے آیا ہے۔ آئی سی سی نے باضابطہ شیڈول جاری کیا ہے۔ بی سی سی آئی اور حکومت نے آئی سی سی کے ساتھ مل کر تیسرے مقام کا فیصلہ کیا ہے۔ ہماراکولمبو کے لیے طیارہ تیار ہے، اس لیے ہم یقینی طور پر جا رہے ہیں۔ ٹیم کی اندرونی بات چیت یہ ہے کہ ہم 7 فروری کو پہلا میچ کھیلیں گے، اس کے بعد وہاں روانہ ہوں گے۔ پاکستان کا ہندوستان کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا مؤقف آئی سی سی کے اس فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے تحت بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈکو ٹی 20 ورلڈ کپ میں شامل کیا گیا۔ بنگلہ دیش کو اس وقت ایونٹ سے خارج کردیا گیا تھا جب اس نے ہندوستان میں سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے میچ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر اس بات کی توثیق کی کہ ان کی سینئر مینزکرکٹ ٹیم مینز ٹی20 ورلڈکپ میں ہندوستان کے خلاف نہیں کھیلے گی، جو سری لنکا اور ہندوستان کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا ہم نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے ایک بالکل واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ ہم ہندوستان کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے کیونکہ کھیل کے میدان میں سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ ہم نے ایک نہایت سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے، اور ہمیں بنگلہ دیش کے ساتھ مکمل طور پر کھڑا ہونا چاہیے۔