پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 27رنز سے شکست دی

   

سنچورین ۔7فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) سنچورین میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹی20 میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 27 رنز سے شکست دے دی-169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنا سکی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے کرس مورس نے پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 55 رنز جبکہ ہینڈرک ڈوسن نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے -پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تین، شاداب خان اور فہیم اشرف نے دو، دو جبکہ عماد ویسم اور شاہیں آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے پہلے پاکستان نے اننگز کے آخری اوور میں شاداب خان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اووروں میں نو وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔پاکستان کی طرف سے کوئی بھی بلے باز 30 کا ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکا- پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا تو بابر اعظم نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 11 گیندوں پر 23 رنز بنائے لیکن وہ زیادہ دیر نہ رک سکے اور مورس کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔تاہم ان کے جانے کے بعد فخر زمان کچھ اسی انداز میں اننگز کو آگے بڑھاتے رہے لیکن وہ بھی 17 گیندوں پر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز محمد رضوان تھے جنھیں اس میچ میں اوپر کے نمبر پر بیٹنگ کا موقع دیا گیا۔ انھوں نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔کپتان شعیب ملک آؤٹ ہونے والے چوتھے بلے باز تھے جنھیں کافی سوچ بچار کے بعد تھرڈ امپائر کی جانب سے رن آؤٹ قرار دیا گیا۔ ان کے فوراً ہی بعد حسین طلعت بھی اگلے اوور میں وکٹوں کے پیچھے کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ آصف علی بھی دو چھکوں کی مدد سے 25 رنز ہی بنا سکے۔تین ٹیسٹ میچوں میں وائٹ واش کے بعد پانچ میں سے صرف دو ایک روزہ میچوں میں کامیابی، کپتان سرفراز پر چار میچوں کی پابندی کے بعد ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سریز میں بھی شکست۔ ناکامی کی یہ داستان پاکستان میں شائقین کرکٹ کے لیے یقیناً کافی تکلیف دہ ثابت ہو گی۔ لندن میں کرکٹ ورلڈ کپ 2019 سے قبل یہ دورہ اس بڑے ٹورنامنٹ کی تیاری کے لحاظ سے اہم سمجھا جا رہا تھا لیکن اس میں ناکامی در ناکامی کے بعد ٹیم کا حوصلہ اور اعتماد کس سطح پر ہیں اس کا فیصلہ وقت ہی کرے گا-