جموں11اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی فوج نے جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں کنٹرول لائن پر جمعہ کو بغیر کسی اشتعال کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرکے فائرنگ کی جس میں فوج کا ایک جوان زخمی ہوگیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے صبح راجوری سیکٹر میں چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور مورٹار سے گولے داغے ۔ اس دوران فوج کا ایک جوان گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ زخمی جوان کو فوراً اسپتال میں داخل کرایا گیا ۔ ذرائع کے مطابق فوج نے جوابی کارروائی کرکے پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا۔ا س سے قبل گیارہ اکتوبر کو پاکستان نے پونچھ کے ڈیگوار علاقے میں بلااشتعال فائرنگ کرکے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی۔ 3 اکتوبر کو بھی پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی اور جموں و کشمیر کے پونچھ اور کٹھوعہ ضلع میں کنٹرول لائن او ربین الاقوامی سرحد پر گاوں کو نشانہ بنایا۔پاکستانی فوج نے پونچھ کے شاہ پور اور گوتریا علاقوں میں کنٹرول لائن کے ساتھ درجنوں گاوں اور آگے کی چھوکیوں کو نشانہ بنا کر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی تھی ۔