پاکستان وائٹ واش سے بچ گیا، آخریT20 میں نیوزی لینڈ کو شکست

   

میزبان ٹیم نے سیریز4-1سے جیت لی ۔افتخار احمدمین آف دی میاچ ‘ فن ایلن مین آف دی سیریز
کرائسٹ چرچ ( نیوزی لینڈ )پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش سے بچ گیا۔ آج کھیلے گئے پانچویں اور آخری میچ میں نیوزی لینڈ کو 42 رنز سے شکست ہوئی۔پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 135 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 17.2 اوورز میں 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس 22 گیندوں پر 26 رنز اور اوپنر فن ایلن 19 گیندوں پر 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔نیوزی لینڈ کے ٹم سیفرٹ 19 اور ول ینگ 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ راچن رویندرا اور مارک چیمپمن صرف 1۔1 رنز بنا پائے۔پاکستان کی جانب سے افتخار احمد نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے 24 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نواز اور کپتان شاہین آفریدی نے 2۔2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ زمان خان اور اسامہ میر کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ پاکستان نے آج ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم بیٹنگ لائن نے ایک بار پھر شائقین کو مایوس کیا اور قومی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں صرف 134 رنز اسکور کر پائی۔پاکستانی اوپنر حسیب اللہ اپنے پہلے میچ میں پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے سوتھی کی گیند پر فلپس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے بیٹر محمد رضوان رہے جنہوں نے 38 گیندوں پر 38 رنز اسکور کیے۔پاکستان کی جانب سے فخر زمان 33، صاحبزادہ فرحان 19 اور پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم صرف 13 رنز بنا سکے، آٹھوں بیٹرز نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کے ہاتھوں میں کیچ تھما کر آؤٹ ہوئے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سوتھی نے ایک میڈن اوور کے ساتھ اپنے اسپیل کے 4 اوور میں 19 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میٹ ہنری بھی 30 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔کرائسٹ چرچ میں آج کے میچ کیلئے قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی تھیں، صائم ایوب، حارث رؤف اور وسیم جونیئر کو آرام دیا گیا جبکہ نوجوان وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ نے اپنے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کا آغاز کیا۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے لگاتار چار ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی تھی۔افتخار احمد کو مین آف دی میاچ اور فن ایلن کو میاچ آف دی سیریز کا اعزاز دیا گیا۔