کراچی۔22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ سے ٹسٹ سیریز 3-0 سے ہارنے کے بعد ونڈے سیریز میں فاتحانہ آغاز ٹیم کیلئے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وہ ونڈے سیریز جیتنا چاہتے ہیں۔ ڈربن میں دوسرے ونڈے کے ضمن میں میڈیا سے گفتگو میں حسن علی نے کہا کہ پاکستان کی ونڈے ٹیم کافی بہتر ہے جسے دورے پر پہلی کامیابی حاصل ہوئی لیکن جنوبی افریقی ٹیم کی کارکردگی ان کیلئے کافی حیران کن رہی کیونکہ 40 اوورز کے بعد ان کے پاس آٹھ وکٹیں موجود تھیں لیکن ان کے بیٹسمین اختتامی دس اوورز میں زیادہ رنز بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاید میزبان ٹیم کی سوچ یہ ہو کہ وہ 266 رنز بنا کر بھی آسانی سے میچ جیت سکتے ہیں لیکن ونڈے کرکٹ اب یکسر تبدیل ہو چکی ہے جہاں کم از کم تین سو رنز بہتر اسکور سمجھا جاتا ہے۔ نوجوان فاسٹ بولر نے کہاکہ ٹسٹ ٹیم میں نوجوان اور ناتجربہ کارکھلاڑی ہیں لہٰذا مشکل حالات میں میزبان ٹیم کیخلاف اچھی کارکردگی دکھانا آسان نہیں رہا لیکن ونڈے ٹیم میں چونکہ کامبی نیشن زیادہ بہتر ہے لہٰذا وہ کامیابی کیلئے پرامید ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بولنگ کوچ کی جانب سے بولروں کو باقاعدہ منصوبہ دیا گیا ہے کہ مخالف بیٹسمینوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیں جس کے پیش نظرانہوں نے بھی اس پر عمل کیا اور آئندہ میچوں میں بھی یہی حکمت عملی اختیار کریں گے۔یاد رہیکہ ونڈے سیریز کے آغاز پر پاکستانی ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی لیکن دوسرے ونڈے میں ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کیلئے جب مدعو کیا گیا پھر ایک مرتبہ مہمان ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی۔ ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد لوور آرڈر میں سرفراز احمد اور حسن علی نے بہتر مظاہرہ کیا۔