لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر مقابلے میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 38 رنز سے شکست دیدی۔لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم کے 217 رنز کے تعاقب میں آئرش ویمن ٹیم 44 اوورز میں 179 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان ویمن ٹیم کی ڈیانا بیگ نے 35 رنز کے عوض 4 وکٹ لیں جبکہ نشرہ سندھو نے 3، سعدیہ اقبال نے 2 وکٹ حاصل کیں۔آئرلینڈ کی گیبی لوئس اور ایمی ہنٹر نے 44، 44 رنزبنائے۔ قبل ازیں جین میگوائیر (تین وکٹ)، کیرا مرے اور آرلین کیلی (دو وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت آئرلینڈ کی خواتین ٹیم نے چہارشنبہ کے روز آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 217 رن پر ڈھیر کردیا۔آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہیں رہا اور صرف تین رن کے اسکور پر اس کی پہلی وکٹ گر گئی، جب گل فیروزہ آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد منیبہ علی اور سدرہ امین نے اننگز کی ذمہ داری سنبھالی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 77 رن کی شراکت ہوئی۔ جین میگوائیر نے 21ویں اوور میں منیبہ علی (32) کو آؤٹ کیا۔ ایک موقع پر پاکستانی ٹیم نے چار وکٹوں پر 175 رنز بنائے تھے ۔ عالیہ ریاض کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان نے صرف 42 رنز پر چھ وکٹیں گنوا دیں۔ آئرش بولنگ اٹیک کے سامنے پاکستان کی پوری ٹیم 49 اوورز میں 217 کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔