پاکستان پرسڈنی ٹسٹ میں بھی شکست کا خطرہ

   

سڈنی۔ رواں سڈنی ٹسٹ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے پردوسری اننگز میں پاکستانی اوپنرز نے آج بھی مایوس کن کھیل پیش کیا اور مہمان ٹیم وائٹ واش کے قریب پہنچ گئی، پاکستان نے دوسری اننگز میں 68 رنز پر7 وکٹیں گنوا لیں۔ پاکستان نے تقریباً گزشتہ تین دہائی سے آسٹریلیا میں کوئی ٹسٹ میچ نہیں جیتا اور1999 سے اب تک آسٹریلین سرزمین پر کھیلی جانے والی تمام سیریز میں پاکستان کو میزبان کے ہاتھوں کلین سوئپ شکستوں کا سامنا کرنا پڑا اور وہ کوئی میچ ڈرا تک کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ آج پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سڈنی میں جاری تیسرے اور آخری ٹسٹ میں آسٹریلیا کی پہلی اننگز مکمل ہونے کے بعد دوسری اننگز کا آغاز پاکستان کی ناقص بیٹنگ کے ساتھ ہوا۔ پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں صرف ایک رن پر دو وکٹیں گنوائیں جب اوپنر عبداللہ شفیق اورکپتان شان مسعود دونوں بغیر کوئی رن بنائے واپس چلے گئے۔ تاہم بابر اعظم (23) اور صائم ایوب (33) نے57 رنز کی پارٹنرشپ جاری رکھی، لیکن پاکستان نے صرف 9 رنز پر 5 وکٹیں گنواکر اسکور 67-7 تک پہنچایا۔ بابر اعظم کے آوٹ ہونے کے بعد سعود شکیل، ساجد خان اور سلمان علی آغا کی ایک کے بعد ایک وکٹیں گرتی چلی گئیں۔ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے اختتامی اوور میں سعود شکیل (2)، ساجد خان (0) اور آغا سلمان (0) کی وکٹیں لے کر پاکستان کو پیچھے دھکیل دیا۔ہیزل ووڈ نے مجموعی طور پر 4 وکٹیں حاصل لیں، اس دوران نیتھن لیون، مچل اسٹارک اور ٹریوس ہیڈ نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل سڈنی میں جاری تیسرے ٹسٹ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 299 رنز پر آؤٹ کرکے 14 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔ فاسٹ بولر عامر جمال نے شاندار بولنگ کی اور 6 وکٹیں حاصل کیں، وہ پاکستان کی ٹسٹ تاریخ کے پہلے بولر ہیں جنہوں نے ڈیبیو سیریز (3 میچز یا اس سے کم) میں 18 وکٹیں لیں، اس وقت پاکستانی ٹیم کو 82 رنز کی برتری حاصل ہے۔ پہلی اننگز میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 299 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، عامر جمال نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، سلمان علی آغا نے دو جبکہ میر حمزہ اور ساجد خان نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔