آئی آئی ٹی مدراس میں آرمی ریسرچ سیل کا افتتاح‘تقریب سے خطاب کے دوران آپریشن سندورکے کئی انکشافات
چینائی ۔10؍اگست ( ایجنسیز) آرمی چیف (سی او اے ایس) جنرل اپیندر دویدی نے آئی آئی ٹی مدراس میں انڈین آرمی ریسرچ سیل اگنی شودھ کا افتتاح کیا۔ اس موقعے پر جنرل دویدی نے آپریشن سندور کے بارے میں پہلی بار تفصیل سے بات کی۔جنرل دویدی نے کہاکہ آپریشن سندور میں ہم نے شطرنج کھیلی۔ ہمیں نہیں پتہ تھا کہ دشمن کی اگلی چال کیا ہوگی اور ہم کیا کرنے والے ہیں۔ اسے گرے زون کہتے ہیں۔ گرے زون کا مطلب روایتی آپریشن نہیں کرنا بلکہ اس سے تھوڑا کم کرنا ہوتا ہے۔ہم شطرنج کی چالیں چل رہے تھے اور وہ (پاکستان) بھی شطرنج کی چالیں چل رہا تھا۔ کہیں ہم ان کو چیک کر رہے تھے اور کہیں ہم اپنی جان خطرے میں ڈال کر بھی انہیں مارنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن یہی تو زندگی ہے۔ انہوںنے کہاکہ 23 تاریخ کو ہم سبھی بیٹھے۔ یہ پہلی بار ہے جب وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ بس بہت ہو گیا۔تینوں آرمی چیف بہت واضح تھے کہ کچھ کرنا ہے۔ مکمل آزادی دی گئی۔آپ طے کریں کہ کیا کرنا ہے۔ اس قسم کا اعتماد، سیاسی طور پر واضح موقف ہم نے پہلی بار دیکھا۔ 22 اپریل کو پہلگام میں جو کچھ ہوا اس نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔ اگلے ہی دن 23 تاریخ کو ہم سب نے میٹنگ کی۔ یہ پہلا موقع تھا جب وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کارروائی کا واضح موقف سامنے رکھا۔25 تاریخ کو ہم نے ناردرن کمانڈ کا دورہ کیا، جہاں ہم نے نو میں سے سات اہداف کے بارے میں سوچا ‘ منصوبہ بنایا اور ان پر عمل کیا۔ وہ تباہ ہو گئے اور بہت سے دہشت گرد مارے گئے۔29 اپریل کو ہم نے پہلی بار وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ یہ وہ چیز ہے جس نے پورے ملک کو متاثر کیا۔ اس لیے پورا ملک پوچھ رہا تھا کہ آپ نے اسے کیوں روک دیا؟ اس کا بھرپور جواب بھی دیا گیا ہے۔اس اقدام کا مقصد فوجی اہلکاروں کو ابھرتے ہوئے شعبوں جیسے اضافی مینوفیکچرنگ، سائبر سکیورٹی، کوانٹم کمپیوٹنگ، وائرلیس کمیونیکیشن اور بغیر پائلٹ والے نظام میں مہارت حاصل کرنا اور ٹیکنالوجی سے چلنے والی فورس کو فروغ دینا ہے۔ یہ تعاون آئی آئی ٹی مدراس ریسرچ پارک تک بھی بڑھے گا ۔اس موقعہ پر دویدی نے آپریشن سندور ۔ دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی لڑائی میں ایک نیا باب کے عنوان پر فیکلٹی اور طلباء سے خطاب کیا۔ انہوں نے علمی مہارت کے ذریعے قوم کی تعمیر میں تعاون کرنے کیلئے آئی آئی ٹی فیکلٹی کی بھی تعریف کی۔ کل ہی ہندوستانی فضائیہ کے چیف امرپریت سنگھ نے پہلی مرتبہ سرکاری طور پرایک بڑا بیان دیا اور ان کا کہنا تھا کہ آپریشن سندورکے دوران ہندوستانی فضائیہ نے پاکستان کے6 جنگی طیاروں کو مار گرایا تھا۔