اسلام آباد : پاکستان کے صدر عارف علوی نے کہا کہ ان کا ملک پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے سرکردہ ممالک میں سے ایک ہے اور ان کی بہبود کے لیے بھی پرعزم ہے ۔ علوی نے منگل کو پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا، ” یہ دن، ہمیں گزشتہ چار دہائیوں میں لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کے حوالے سے حکومت اور پاکستان کے لوگوں کی بے پناہ شراکت کی یاد دلا تا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک محدود وسائل کے باوجود اتنی بڑی تعداد میں بے گھر افراد کو پناہ دیتا ہے ، جو منفرد انسانی کوششوں، بھائی چارے اور ہمدردی کے جذبے کا ثبوت ہے ۔ ملک کے عوام اور حکومت نے تمام چیلنجز کے باوجود مکمل طور پر انسانیت اور یکجہتی کے اصولوں پر مبنی افغان مہاجرین کے لیے اپنے دروازے کھول دیئے ۔علوی نے کہا کہ 40 سال سے مہاجرین اور میزبان برادریوں کے درمیان کوئی تنازعہ نہیں ہے جو کہ ہم آہنگی اور باہمی احترام کی مثال ہے ۔ حکومت کی پالیسیاں اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ پناہ گزینوں کو تعلیم اور حفظان صحت کی رسائی حاصل ہو، اور یہ کہ ان کے پاس بینک اکاؤنٹس اور دیگر مواقع بھی ہوں۔صدر نے کہاکہ افغان مہاجرین کے علم اور ہنر کو بڑھانے کے لیے ، ہم نے جامع تعلیمی پروگرام نافذ کیے ہیں، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ پناہ گزینوں کے بچوں کو معیاری اسکولی تعلیم تک رسائی حاصل ہو۔ انہوں نے پناہ گزینوں کو ضروری امداد اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر اور دیگر انسانی ہمدردی سے متعلق اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے ملک کے عزم کا بھی اظہار کیا۔