پاکستان پہلی مرتبہ بین الاقوامی مقابلہ قرأت کی میزبانی کرے گا

   

اسلام آباد :13 نومبر ( یو این آئی ) سرکاری نشریاتی ادارے ریڈیو پاکستان کے مطابق ملک کی وزارتِ مذہبی امور 24 سے 29 نومبر تک اسلام آباد میں ملک کے اولین بین الاقوامی مقابلہ قرأت (آئی کیو سی-2025) کی میزبانی کرے گی جس میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک سے 34 سے زائد قراء کرام مجتمع ہوں گے۔ریڈیو پاکستان نے کہاکہ یہ تقریب پاکستان کے مذہبی و ثقافتی منظرنامے میں ایک تاریخی سنگِ میل کی نشاندہی کرتی ہے اور اس کا مقصد ہے کہ مسلم اقوام کے درمیان بین الثقافتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کو مستحکم کرتے ہوئے قرآنی تلاوت کے فن کو فروغ دیا جائے۔سرکاری تاریخوں کے مطابق گروپ-ون اور گروپ-ٹو کے مقابلے 24 سے 27 نومبر تک اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کے آڈیٹوریم میں ہوں گے۔ تقسیمِ انعامات کی عظیم الشان تقریب 29 نومبر کو جناح کنونشن سینٹر میں ہونا قرار پائی ہے جہاں فاتحین کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔توقع ہے کہ ریاستی سطح کے معززین افتتاحی اور اختتامی دونوں تقاریب کی صدارت کریں گے۔ریڈیو پاکستان کی رپورٹ میں کہا گیاکہ یہ تقریب مسلم دنیا کے اندر مذہبی سفارت کاری میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتی ہے۔