پاکستان کااگلے سال ہندوستان کا دورہ متوقع

   

ہندوستان ایشیا کپ 2025 کا میزبان
ٹورنمنٹ میں 6 ٹیمیں شرکت کریں گی
34 سال بعد ملک میں اگلے ایڈیشن کا انعقاد

نئی دہلی ۔ پاکستان کو چمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کرنی ہے لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ہندوستانی ٹیم اس ٹورنمنٹ میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی یا نہیں کیونکہ جہاں ایک جانب پاکستان کو امید ہیکہ ہندوستانی کھلاڑی پاکستان کا دورہ کرنے کے خواہاں ہیں لیکن انہیں حکومت کی اجازت ملنی ہے تو دوسری جانب یہ امکانات قوی ہیں کہ ہندوستانی ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی ۔ اس سب کے درمیان ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے جو یقیناً ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سنسنی خیز مقابلوں کے مداح ہیں کیونکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اگلے سال ہندوستان کا دورہ کر سکتی ہے۔ اس کی وجہ ایشیا کپ 2025 کی ہندوستانی میزبانی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہندوستان 2025 مینز ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا۔ یہ ٹورنمنٹ 20 اوور کے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ جس میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ میزبان ہندوستان ، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور اسکے بعد چھٹی ٹیم کا فیصلہ کوالیفائنگ راؤنڈ سے ہوگا۔ ان حالات میں پاکستان کو اگلے سال ہندوستان کا دورہ کرنے کا موقع مل سکتا ہے ۔ یاد رہے کہ 2023 کا ایشیا کپ پاکستان کی میزبانی میں کھیلا گیا تھا۔ اس وقت ٹیم انڈیا پاکستان نہیں گئی تھی جس کی وجہ سے یہ ٹورنمنٹ ہائبرڈ ماڈل پر منعقد ہوا تھا۔ علاوہ ازیں ایشیا کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ دستاویز کے مطابق، ہندوستان 2025 میں مینز ایشیاکپ کی میزبانی کرے گا، جوٹی20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی2027 ایشیا کپ کی میزبانی بنگلہ دیش کرے گا۔ 2027 ایشیا کپ صرف ونڈے فارمیٹ میں منعقد ہوگا۔ ان دونوں ایڈیشنز میں 13-13 میچز کھیلے جائیں گے۔ دستاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ تمام معلومات بشمول شیڈول، تاریخ، فارمیٹ اور مقام کو ایشیا کرکٹ کونسل تبدیل بھی کرسکتی ہے۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ 1984 میں شروع ہوا تھا۔ اس ٹورنمنٹ کے اب تک 16 ایڈیشن کھیلے جا چکے ہیں۔ لیکن ہندوستان نے صرف ایک بار ایشیا کپ کی میزبانی کی ہے۔ ہندوستان نے 1990-91 کے ایشیا کپ کی میزبانی کی، جب ہندوستان نے ٹورنمنٹ جیتا بھی تھا اور2025 کا ایشیا کپ بہت خاص ہونے جا رہا ہے۔ یہ ٹورنمنٹ 34 سال بعد ہندوستان میں کھیلا جائے گااور امید ہیکہ ہندوستانی ٹیم ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی میزبانی کے ساتھ ایونٹ میں ٹرافی اپنے نام کرے گی ۔