ایجبسٹن ۔25 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کی راہ میں دوسری رکاوٹ عبورکرنے کے لئے پاکستان کل نیوزی لینڈ کیخلاف میچ کھیلے گا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ ایجبیسٹن میں کھیلا جائے گا جہاں پاکستان کو ٹورنمنٹ کی ناقابل شکست نیوزی لینڈ کو شکست دینا ہوگا تاکہ وہ سیمی فائنل میں رسائی کی اپنی امیدوں کو برقرار رکھ سکے۔نیوزی لینڈ اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست اور پوائنٹس ٹیبل پر 11 پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر ہے۔ پاکستان نے اپنے گزشتہ میچ میں جنوبی افریقہ کو 49 رنز سے شکست دی ہے جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کا ساتواں مقام ہے۔ واضح رہے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے بعد پاکستان ورلڈ کپ میں مزید 2 میچز کھیلے گا۔جن میں اس کا مقابلہ افغانستان اور بنگلادیش سے ہوگا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سخت امتحان کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ پاکستان کا اگلا حریف نیوزی لینڈ ہے۔ کل ایجبسٹن میں ہم اپنی پوری کوشش کریں گے اور کوشش یہ ہو گی کہ غلطیاں نہ کریں۔ ہم جانتے ہیں کہ وہ ایک خطرناک ٹیم ہے اور فارم میں بھی ہے لہٰذا ہمیں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ بیٹنگ میں ایک پلیٹ فارم قائم کرنا اور بولنگ میں ابتدائی وکٹیں لینا، یہی کامیابی کی ضمانت ہوگا۔ انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ہماری فیلڈنگ پھرپریشان کن رہی ہے۔ ہمیں اسے بہت زیادہ بہتر کرنا ہوگا۔ ہم نے جنوبی افریقہ کے خلاف بھی بہت کیچز گرائے۔ ہم اگر اچھی ٹیموں کو اس طرح اور اچھے بیٹسمینوں کو اس طرح، موقع دیں گے تو وہ ہمیں خوب سزا دیں گے۔ چند دنوں میں ہم اضافی فیلڈنگ کی مشتق کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری کامیابی کسی کی بھی تنقید کا جواب نہیں ہے۔ ہم یہاں کرکٹ کھیلنے اور ورلڈ کپ جیتنے کے لئے آئے ہیں۔ ہدف اگلے تین میچ ہیں۔ کل ہم ایک اور مضبوط اوران فارم ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ ہم ہمیشہ اپنی پوری کوشش کرتے ہیں۔ جب ہم جیتتے ہیں تو اس کوشش کی سب تعریف کرتے ہیں، لیکن جب ہم ہارتے ہیں توہر منفی چیز سامنے آتی ہے۔ پاکستانی ٹاپ آرڈر کو نیوزی لینڈ کے ان فام بولر ٹرینٹ بولٹ اور فاسٹ بولر فیرگوسن کا سامنا ہوگا جبکہ بیٹنگ شعبہ میں کپتان کین ولیمسن ،تجربہ کار راس ٹیلر اور جارحانہ اوپنر مارٹن گپٹل پاکستان کی اصل پریشانی ہوں گے۔پاکستان کیلئے محمد عامر کا فام میں ہونا خوش خبری ہے تو دوسرے سرے سے عامر کو مدد نہ ملنا ٹیم کیلئے پریشان کن ہے۔