پاکستان کا ایف۔16 طیارہ مار گرانے والے ابھینندن اب یہاں کریں گے ملک کی حفاظت

,

   

ساٹھ گھنٹوں تک پاکستانی فوج کی قید میں رہے ہندوستانی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھینندن وردھمان کی تعیناتی راجستھان کے سورت گڑھ ائیر فورس بیس پر ہوئی ہے۔ بتا دیں کہ جنگی طیاروں کی’ ڈاگ فائٹ‘ کے بعد گزشتہ 27 فروری کو پاکستان نے ابھینندن کو گرفتار کر کے قیدی بنا لیا تھا۔ گزشتہ ہفتہ کو انہوں نے اپنا کام کاج سنبھال لیا ہے۔

فضائیہ کے آفیسر ابھینندن کی راجستھان میں یہ پہلی پوسٹنگ نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی وہ بیکانیر میں اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ابھینندن نے کچھ وقت تک راجستھان میں ہی اپنی پڑھائی بھی کی ہے۔ در اصل، ابھینندن کے والد بھی ہندوستانی فضائیہ میں آفیسر رہے ہیں اور اپنی مدت کار کے اندر وہ راجستھان میں بھی تعینات رہے ہیں۔

فضائیہ نے حالانکہ رازداری کا حوالہ دیتے ہوئے ابھینندن کی موجودہ پوسٹنگ کی کوئی تفصیلی جانکاری نہیں دی ہے۔ صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ انہیں راجستھان میں تعینات کیا گیا ہے۔ فضائیہ کے پروٹوکول کے مطابق، جب بھی کسی پائلٹ کا ہیلی کاپٹر یا طیارہ حادثہ کا شکار ہو جاتا ہے تو اس پائلٹ کو اڑان بھرنے سے روک دیا جاتا ہے اور اسے صرف زمینی خدمات کے لئے رکھا جاتا ہے۔ حالانکہ، ابھینندن کے معاملہ میں اسے الگ طریقہ سے دیکھا جا سکتا ہے۔