آخری لیگ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر 337/9 اسکور کئے۔ پاکستانی اننگز کے 6.4 اوورس بعد ممبئی میں انڈیا۔ نیوزی لینڈ سیمی فائنل طے ہوگیا
کولکاتا: جو روٹ (60) اور بین اسٹوکس (84) کے درمیان تیسری وکٹ کیلئے 132 رنوں کی شراکت کی مدد سے انگلینڈ نے آئی سی سی ورلڈ کپ کے اپنے آخری لیگ میچ میں آج ہفتہ کو پاکستان کے خلاف مقررہ 50اووروں میں 9 وکٹ پر 337 رنز بنائے ۔کولکاتا کے ایڈن گارڈن گراؤنڈ پر اوپنرز ڈیوڈ ملان (31)اور جونی بیئرسٹو (59) نے 82 رنز کی شراکت بنا کر انگلینڈ کو مضبوط بنیاد فراہم کی، جس کے بعد روٹ اور اسٹوکس نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے اسکور کو بڑا بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہونے سے قبل اسٹوکس نے 11 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے اپنی ٹیم کیلئے بیش قیمتی رنز بنائے ۔ مڈل آرڈر کی جان سمجھے جانے والے اسٹوکس کا بیاٹ بھی آج خوب چلا۔ وہ آفریدی کی گیند پر بیک ورڈ پوائنٹ پر کھڑے شاداب خان کے ہاتھوں کیچ کئے گئے۔آخری آٹھ اوورز میں ہیری بروک (30)اور کپتان جوس بٹلر (27) نے گیئربدلتے ہوئے رنوں کی رفتار میں اضافہ کیا۔ بروک نے 17 گیندوں کی اپنی مختصر اننگز میں دو چوکے اور دو چھکے لگائے جبکہ بٹلر نے 18 گیندوں پر تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 64رنز دے کر تین وکٹ لئے جبکہ آفریدی نے 72 رنزخرچ کرتے ہوئے دو وکٹ حاصل کئے۔ افتخار احمد نے کفایتی گیند بازی کرتے ہوئے 38 رنز دے کر ایک وکٹ لیا۔ ڈیوڈ ویلی (15) کی شکل میں محمد وسیم کو دوسرا وکٹ حاصل ہوا۔ 74 رنوں کی قیمت پر انہیں دو وکٹ ملے ۔ آج میچ سے قبل پاکستان کو سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی ہونے کے تعلق سے بہت امیدیں وابستہ تھیں۔ گزشتہ دو مقابلوں میں اوپنر فخر زمان کی دھواں دھار بیٹنگ کے بل بوتے پر وہ سوچ رہے تھے کہ آج اگر انھیں پہلے بیٹنگ کا موقع ملتا ہے تو وہ 400 کے آس پاس اسکور کرنا چاہیں گے اور اس کے بعد انگلینڈ کو 155 کے آس پاس آل آؤٹ کرتے ہوئے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی ہوجائیں گے۔ تاہم، بٹلر نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کی بیٹنگ کا انتخاب کیا اور پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا کیونکہ انگلینڈ نے 338 کا ٹارگٹ مقرر کیا جو پاکستان کو 6.4 اوورس میں حاصل کرنا تھا جو ناممکن ہے۔ جوابی اننگز میں جیسے ہی یہ اوورس گزرے انڈیا۔ نیوزی لینڈ سیمی فائنل طے ہوگیا۔